اسرائیل نے یمن کے صنعا انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فضائی حملہ کر دیا۔
ڈائریکٹر صنعا انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے مطابق حملے میں یمنی ایئر لائن کا آخری طیارہ تباہ ہو گیا۔
یمن کی حوثی تحریک کے رہنما عبدالمالک الحوثی رہنما کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا یہ حملہ ممکنہ طور پر حج کے لیے یمنی عازمین کی روانگی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہے، لیکن اللّٰہ کے فضل سے وہ اس میں ناکام ہوں گے۔
عبدالمالک الحوثی نے دارالحکومت صنعاء میں ایک خطاب کے دوران کہا کہ ہم فلسطین کے عوام کے ساتھ اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں، جو اس وقت تاریخ کی بدترین اذیت سے گزر رہے ہیں۔
یمن کی حوثی تحریک کے رہنما عبدالمالک الحوثی نے صنعاء انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اسرائیلی حملے کو فلسطین کے لیے یمنی عوام کی حمایت کو کمزور کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ فلسطینیوں کو تنہا کر کے انہیں کسی بھی مسلم ملک کی حمایت سے محروم کر دیا جائے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے حوثی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ جو اسرائیل پر حملہ کرے گا، اسے بھاری قیمت چکانا ہو گی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کا یمن میں یہ ایک ماہ کے دوران دوسرا حملہ ہے، جس میں یمنی ایئر لائنز کا آخری فعال طیارہ تباہ ہو گیا۔