لاہور:
پنجاب بھر میں طوفانی بارش کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور11 افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد نے بتایا کہ صوبہ بھر میں طوفان اور بادوباراں سے ایک شہری جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے راولپنڈی میں دو بچے چھت سے گرنے والی چیز سے اور ایک شہری سیڑھی سے گرنے سے زخمی ہوگیا۔
ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق میانوالی گلزار مدینہ کالو خیل کالا باغ بازار کالا باغ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شہری جاں بحق ہوگئے۔
فاروق احمد نے بتایا کہ اٹک میں کچا مکان گرنے سے 22 سالہ خاتون زخمی ہوئیں، میانوالی میں تھانہ مکڑوال کی دیوار تیز ہوا کی وجہ سے گر گئی اور ایک شخص معمولی زخمی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں تیز آندھی کی وجہ سے ایک لڑکی چھت سے صحن میں گرگئیں، میا نوالی میں تیز آندھی کی وجہ سے چھت سے سولر پلیٹ گر گئی اور سولر پلیٹ سر میں لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
اسی طرح ملتان جلال پور پیر والا میں تیز آندھی کی وجہ سے چھت سے سولر پلیٹ گر گئی، سولر پلیٹ سر میں لگنے سے ایک شخص زخمی، ملتان میں حسن چوک وہاڑی روڈ پر دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ مظفر گڑھ میں ملتان روڈ پر آندھی کے باعث درخت کی شاخ لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا، تونسہ شریف میں دیوار گرنے سے ایک خاتون زخمی ہوئیں اور مری میں درخت گرگیا۔
فاروق احمد نے بتایا کہ تمام زخمی افراد کو ریسکیو ٹیموں نے اسپتال منتقل کردیا ہے اور کہا کہ شہری ایمرجنسی کی صورت میں فوری ریسکیو 1122 ڈائل کریں۔