کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 10 کے کامیاب اختتام پر سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں۔پی ایس ایل 10 کی کامیابی محفوظ پاکستان کی فتح اور بزدل دشمن کی ایک اور محاذ پر شکست ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب دشمن کے حملے کے بعد دوبارہ آغاز بڑا چیلنج تھا۔ پی سی بی و پی ایس ایل کی پوری ٹیم کا دن رات محنت پر دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ، میگا ایونٹ کی کامیابی پاک آرمی، رینجرز، پولیس اور انتظامیہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ مسلح افواج کی جرات اور بہادری کو میچز کے دوران یادگار خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اسٹیڈیمز آکر میچ دیکھنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف ظہیر احمد بابر اور نیول چیف نوید اشرف کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔