پاکستان سے بابر اعظم اور بھارت سے ویرات کوہلی کی شہرت تو بہت ہے لیکن دنیا کا امیر ترین کرکٹر کوئی اور ہے۔
دنیا کے امیر ترین کرکٹرز ناصرف اپنی شاندار کرکٹ مہارتوں کےلیے مشہور ہیں بلکہ برانڈ کی توثیق، کرکٹ لیگز کے ساتھ معاہدوں اور مختلف کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے بہت زیادہ پیسہ کمانے کے لیے بھی شہرت رکھتے ہیں۔ تاہم ان میں سے چند ہی کا شمار دنیا کے امیر ترین کرکٹرز میں کیا جاتا ہے۔
دنیا کے امیر ترین کرکٹر کوئی اور نہیں بلکہ بھارت کے سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر ہیں جن کی مجموعی مالیت 170 ملین ڈالر ہے۔
سچن ٹنڈولکر کا شمار کرکٹ کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔
2013 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد بھی، وہ برانڈز کی توثیق، کاروبار، کرکٹ کمنٹری اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈینز کی ٹیم کے ساتھ کام کر کے پیسے کما رہے ہیں۔
انہوں نے کھیلوں کے اسکولوں، ریستورانوں اور نئے کاروباروں میں بھی سرمایہ کاری کی ہے جس سے اس کی کل دولت میں بہت اضافہ ہوا ہے۔
سچن ٹنڈولکر نے کرکٹ کے میدان میں کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔ ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹیسٹ میچوں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا ہے اور بین الاقوامی میچوں میں 100 سنچریاں بنانے والے تاریخ کے واحد بلے باز ہیں۔