بنگلادیش کے ہیڈ کوچ فل سیمنز کئی اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود بھی پاکستان کے خلاف سیریز میں اپنی ٹیم کی اچھی کارکردگی کے لیے پُرامید ہیں۔
فل سیمنز نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے مسابقتی کرکٹ کھیلنے کا اچھا موقع ہے، پاکستان ایک خطرناک ٹیم ہے اور ہم اسے ہلکا بالکل نہیں لیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ اس وقت ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ پاکستان اچھا نہیں کھیل رہا، لیکن پاکستان اب بھی پاکستان ہے اور پاکستانی کھلاڑی کسی کو بھی ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
فل سیمنز نے مزید کہا کہ ہمارے کچھ کھلاڑی پی ایس ایل میں شامل ہوئے ہیں اور انہوں نے یہاں کے کنڈیشنز کے بارے میں مفید معلومات فراہم کی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ جب سینئر کھلاڑی دستیاب نہیں ہوتے تو نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع ملتا ہے اور ایسی صورتحال میں اکثر کوئی نہ کوئی نیا عظیم کھلاڑی بھی سامنے آجاتا ہے۔
فل سیمنز نے کہا کہ مستفیض الرحمٰن ہمارے لیے ایک اہم کھلاڑی ہیں اور بدقسمتی سے وہ اس سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے، ہمیں اپنے ان اہم کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوگی لیکن ہم موجودہ اسکواڈ کے ساتھ مضبوط کارکردگی دکھانے کےلیے پُرعزم ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سے میری بہت اچھی یادیں وابستہ ہیں اور یہ ہمیشہ میرے لیے ایک خاص ملک رہا ہے۔