بھارتی اداکار ڈینو موریا اور اُن کے بھائی سن تینو سے ممبئی پولیس نے 65 کروڑ کے گھپلے میں پوچھ گچھ کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس کی اکنامک آفینس ونگ (ای او ڈبلیو) نے پیر کے روز ڈینو موریا اور اُن کے بھائی سے مٹھی ندی ڈیسلٹنگ گھپلے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس گھپلے کا مرکزی ملزم کیتن قدم ہے، ڈینو موریا اور اُن کے بھائی کے مرکزی ملزم کے ساتھ کئی فون کالز کا سراغ ملا، جس کے بعد انہیں جواب دہی کےلیے طلب کیا گیا۔
اداکار ڈینو موریا پیر کی صبح ای او ڈبلیو کے دفتر پہنچے، جہاں ممبئی پولیس نے ان سے کئی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ مرکزی ملزم کے ساتھ معاملات سے واقف تھے یا نہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے معاملے کے دونوں ملزمان کیتن قدم اور جیش جوشی کو گرفتار کیا، دوران تفتیش ایک ملزم کا اداکار سے رابطہ سامنے آیا، اب تک اس معاملے میں 13 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جاچکا ہے۔