پاکستان کی بانو کوثر نے ایشین جو جِٹسو چیمپئن شپ میں روایتی حریف بھارت کی رچا شرما کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کرلیا۔
پاکستانی جوجِٹسو ٹیم نے اردن میں جاری ایشین جوجِٹسو چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت سمیت کئی مضبوط حریفوں کو مات دی۔
ایونٹ کے تیسرے دن پاکستان کی بانو کوثر نے خواتین کے مقابلے میں جوجِٹسو کی 48 کلوگرام کیٹیگری میں بھارتی کھلاڑی رچا شرما کو فیصلہ کن مقابلے میں شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔
یہ جیت ناصرف پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے بلکہ علاقائی سطح پر ایک مضبوط پیغام بھی ہے۔
اس سے قبل پہلے دن پاکستان کے ایم علی راشد اور ایم یوسف علی نے ڈوو مینز کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ اسراء وسیم اور کائنات عارف نے ڈوو ویمنز کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کے لیے دن کا اختتام کامیابی کے ساتھ کیا۔
پاکستان جوجِٹسو فیڈریشن کے چیئرمین خلیل احمد خان نے ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف تمغے نہیں، یہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی ایتھلیٹس عالمی سطح پر کسی سے کم نہیں۔ ہمیں اپنی ٹیم پر فخر ہے اور ان کامیابیوں کا سہرا کوچز، کھلاڑیوں اور تمام سپورٹ اسٹاف کی محنت کو جاتا ہے۔
ایشین جوجِٹسو چیمپئن شپ 26 مئی تک جاری رہے گی، جس میں ایشیا بھر کے بہترین فائٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ ٹیم پاکستان کی نظریں اب مزید تمغوں پر مرکوز ہیں۔