بھارت کے سینئر سیاستدان اور اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادیو نے اپنے بڑے بیٹے تیج پرتاب یادیو کو پارٹی اور خاندان سے نکال دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 76 سالہ لالو پرساد یادیو نے اپنے بڑے بیٹے اور ریاستی اسمبلی میں پارٹی رہنما 37 سالہ تیج پرتاب یادیو کو 6 سال کےلیے پارٹی سے نکال دیا ہے ۔
آر جے ڈی کے سربراہ نے بیٹے کو خاندان اور پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ سوشل میڈیا پر تیج پرتاپ یادیو کی لڑکی کے ساتھ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کیا ہے۔
لالو پرساد یادیو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ذاتی زندگی میں اخلاقی اقدار نظرانداز کرنا سماجی مقاصد کے ساتھ اجتماعی جدوجہد کو کمزور کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بڑے بیٹے کی سرگرمیاں، عوامی رویہ اور غیر ذمے دارانہ برتاؤ ہماری خاندانی اقدار اور روایات کے مطابق نہیں، موجودہ حالات کے پیش نظر انہیں پارٹی اور خاندان سے نکال رہے ہیں۔
لالو پرساد یادیو نے اپنے بیان میں یہ بھی لکھا کہ اب سے تیج پرتاب یادیو کا پارٹی یا خاندان میں کسی قسم کا کوئی کردار نہیں ہوگا، وہ 6 سال کےلیے نکال دیے گئے ہیں۔