ZURICH:
سوئٹزرلینڈ کے علاقے زیرمیٹ کی پہاڑی میں واقع مہنگے اسکی ریزورٹ میں 5 اسکیئرز ہلاک ہوگئے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کینٹن ویلائس میں پراسیکیوٹر آفس نے بتایا کہ ایمرجنسی سروس کو 4 ہزار میٹر بلند اسکی ریزوٹ میں اسکیئرز کے پھنس جانے کی اطلاع پر امدادی کارروائی شروع کی تاہم پانچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق اسکیئرز نے ہفتے کو حکام کو آگاہ کیا تھا کہ وہ زیرمیٹ کے مشرق اور ساس فی گاؤں کے جنوب میں پہاڑی ریمپفشورن میں ڈھلوان میں موجود ہیں۔
پراسیکیوٹر آفس نے بتایا کہ امدادی کارکنوں کو ایڈلیرگلیٹسچر گلیشئر کے پاس اسکیئرز کی لاشیں ملی، یہ علاقے اٹلی کی سرحد کے قریب سوئٹزرلینڈ کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔
مقامی ایئرلائن ایئرزیرمیٹ نے بتایا کہ تین لاشیں جہاں اسکیئرز کی نشان دہی کی گئی تھی وہاں سے چند میٹر نیچے برفانی تودے کے ملبے سےملیں اور مزید دو لاشیں 4 ہزار 199 میٹر اونچے پہاڑی علاقے میں ملیں۔
حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے اسکیئرز کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔