32 C
Lahore
Thursday, May 29, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںبہار میں انوکھا واقعہ، دلہا شادی کے منڈپ سے اغوا، 9 گھنٹے...

بہار میں انوکھا واقعہ، دلہا شادی کے منڈپ سے اغوا، 9 گھنٹے بعد ڈرامائی بازیابی


—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست بہار میں شادی کے دوران انوکھا واقعہ پیش آیا جس میں منڈپ سے دلہے کو اغوا کرلیا گیا، پولیس نے کارروائی کر کے 9 گھنٹے بعد اسے بازیاب کروالیا۔

 بہار کے ضلع گوپال گنج میں ایک شادی کی تقریب بھیانک خواب میں بدل گئی جب دلہا کو شادی کے منڈپ سے رقص کرنے والے ڈانس گروپ نے اغوا کرلیا، واقعہ اتنا حیران کن اور سنسنی خیز تھا کہ پورا گاؤں سکتے میں آ گیا۔

سونو کمار شرما کی شادی کی تقریب میں مقامی روایت کے مطابق رقص کی محفل سجائی گئی تھی، جس میں خواجہ سراؤں پر مشتمل گروپ نے پرفارم کیا۔

رات گئے شادی کی رسومات مکمل ہوچکی تھیں اور باراتی محفل رقص سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔

 اسی دوران جب رقاصوں نے پروگرام ختم کرنے کی کوشش کی تو بعض مہمانوں نے اس پر اعتراض کیا اور جھگڑا شروع ہوگیا، بات تلخ کلامی سے ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور ایک رقاصہ مسکان زخمی ہوگئی جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے کے بعد مسکان نے مبینہ طور پر مزید افراد کو طلب کیا، رات تقریباً 2 بجے ایک گاڑی میں کئی لوگ آئے، شادی کی تقریب پر دھاوا بولا، دلہن کے گھر والوں کو زد و کوب کیا اور دلہا سونو کمار کو منڈپ سے اغوا کر کے لے گئے۔

گھر والے شدید صدمے میں آ گئے اور فوراً پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے سرچ آپریشن کا آغاز کیا اور تقریباً 9 گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد دلہا کو بازیاب کروا لیا۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ڈانس گروپ اور شادی کے منتظمین کے درمیان پیسے کے لین دین پر تنازع تھا جو جھگڑے اور اغوا کا سبب بنا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دلہا کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

واقعے کے بعد پورے گاؤں میں سناٹا چھا گیا، لوگوں نے کہا کہ ایسا منظر صرف فلموں میں دیکھا تھا۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات