کراچی (عبدالماجدبھٹی) قذافی اسٹیڈیم میں اتوار کی شب پاکستان سپر لیگ ٹین کا اختتام رنگا رنگ تقریب میں کامیابی کے ساتھ ہوا۔ فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ ڈالرز اور رنرز اپ ٹیم کو دو لاکھ ڈالرز ملے۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت کا ڈرون پنڈی اسٹیڈیم کے باہر گرا جس سے ایک نوجوان شہید ہوا۔ نتیجے میں پاکستان سپر لیگ دس دن کیلئے روکی گئی، غیر ملکی کھلاڑی ، سپورٹ اسٹاف ، امپائر اور میچ ریفریز کو ایئر فورس کے جہاز پر واپس بھیج دیا گیا تھا ، پڑوسی ملک نے لیگ خراب کرنے کی سازشیں کیں ۔ لیکن لیگ دوبارہ شروئی ہوئی تو کئی بڑے نام موجود تھے۔ خدشات ظاہر کئے جانے کے باوجود ڈیوڈ وارنر سمیت دنیا کے کئی بڑے کھلاڑی پاکستان آئے اور انتظامات کی تعریف کی ۔ ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان فورسسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ایک دن پاکستان آرمی اور ایک دن پاک فضائیہ کے نام منسوب کیا گیا۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو نے پنڈی اسٹیڈیم آکر قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔ بھارت میں ان کی لیگ جاری ہے اور غیر ملکیوں نے سیکیورٹی خدشات ظاہر کئے ہیں اور کئی بڑے کھلاڑیوں نے بھارت واپس آنے سے گریز کیا ہے۔ پی ایس ایل ٹین میں پی سی بی کو کئی مسائل رہے۔ بھارتی ٹی وی کریو واپس چلا گیا، ڈی آر ایس ٹیکنالوجی دستیاب نہیں تھی لیکن پی سی بی ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کئے اور مسائل کے باوجود مسلسل دسویں سال پاکستان سپر لیگ کا کامیاب اختتام کیا۔ اگلے سال دو مزید ٹیموں کا اضافہ ہوگا جبکہ موجودہ چھ ٹیموں کے پاس فرنچائز چھوڑنے کا آپشن موجود ہے۔