کراچی(عبدالماجد بھٹی) انگلینڈ کے مشہور سرے کاؤنٹی کرکٹ کلب نے تاریخی اوول گراؤنڈ کے مین پویلین میں لانگ روم میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان انتخاب عالم کا پورٹریٹ نصب کیا ہے۔ انتخاب اس ہال آف فیم میں شامل پہلے غیرملکی کرکٹر ہیں۔ انہوں نے 13سال سر ے کی نمائندگی کی۔ انتخاب عالم نے جنگ کو بتایا کہ چند دن پہلے کاؤنٹی حکام نے رابطہ کرکے پورٹریٹ نصب کر نے کی اجازت مانگی تھی یہ میرے اور میرے ملک کیلئے اعزاز ہے ۔83 سالہ انتخاب عالم نے 47ٹیسٹ اور چار ون ڈے انٹر نیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ریٹائر ہونے کے بعد انہوں نے ڈائریکٹر ڈومیسٹک سمیت کرکٹ بورڈ میں مختلف حیثیتوں میں کام کیا۔1992میں آسٹریلیا میں ورلڈکپ اور 2009میں انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کے ہیڈ کوچ تھے۔ 2004میں سلیم ملک کے خلاف جس وقت راشد لطیف نے میچ فکسنگ کا الزام لگایا وہ پاکستان ٹیم کے منیجر تھے۔ انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ ان دنوں سوانح حیات تحریر کررہا ہوں جس میں مختلف کہانیوں کا پردہ چاک کریں گے۔