33 C
Lahore
Sunday, May 25, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںپونے میں ہندو مسلم مذاہب کی شادیاں ایک اسٹیج پر

پونے میں ہندو مسلم مذاہب کی شادیاں ایک اسٹیج پر


—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی شہر پونے میں بارش سے ہندو جوڑے کی شادی متاثر ہوئی تو مسلم خاندان نے اپنے ولیمے کا مقام رسومات کے لیے پیش کردیا۔

پونے میں اس وقت اتحاد اور انسانیت کی شاندار مثال دیکھنے کو ملی جب تیز بارش نے ایک ہندو شادی کی تقریب کو متاثر کردیا اور ایک مسلم خاندان نے اپنے بیٹے کے ولیمے کی تقریب کا مقام ہندو شادی کے لیے دے دیا۔

یہ واقعہ پونے کے علاقے وانواڑی میں پیش آیا، جہاں سَنکرتی کاوڈے اور نریندر گلاندے کی شادی شام 6:56 بجے ہونے والی تھی، شادی کی تیاریاں آخری مراحل میں تھیں کہ اچانک تیز بارش نے سب کچھ درہم برہم کر دیا، مہمانوں نے بھاگ کر پناہ لی اور کھلا میدان پانی سے بھر گیا۔

اسی مقام کے ساتھ ایک ہال میں ریٹائرڈ پولیس آفیسر فاروق قاضی کے بیٹے محسن اور دلہن ماہین کا ولیمہ جاری تھا، ہندو خاندان نے جب اپنی مجبوری بیان کرتے ہوئے قاضی خاندان سے ہال میں شادی کی اجازت مانگی تو انہوں نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے فوراً ہاں کر دی۔

ہندو دلہن کے خاندان کے قریبی دوست نے بتایا کہ قاضی خاندان نے صرف جگہ نہیں دی بلکہ ان کے مہمانوں نے خود ہندو شادی کی تیاری میں ہاتھ بٹایا، ہندو رسومات پہلے ادا کی گئیں، اس کے بعد ولیمہ ہوا اور پورے ماحول میں خوشی، عزت، اور ہم آہنگی کا رنگ غالب رہا۔

دلہن کے دادا سنتارم کاوڈے نے کہا کہ خاندان کئی مہینوں سے اس دن کا انتظار کر رہا تھا، لیکن قدرتی آفت نے سب کچھ بدل دیا تاہم جو اتحاد اور محبت اس لمحے دیکھنے کو ملی وہ ناقابلِ فراموش ہے۔

فاروق قاضی نے اس موقع پر کہا کہ ایک باپ کی حیثیت سے دلہن کا دکھ دیکھ کر دل بھر آیا، یوں لگا جیسے میری اپنی بیٹی کی شادی ہے اس وقت صرف انسانیت اہم تھی مذہب نہیں۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات