وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) علی امین گنڈاپور کی زیرِ صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ڈی آئی خان ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے غور کیا گیا۔
پشاور سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں رواں مالی سال کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے گی، ترقیاتی فنڈ کا بڑا حصہ جاری منصوبوں کے لیے مختص ہو گا۔
انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ 550 اسکیمیں مکمل ہو چکی ہیں، اگلے سال 600 سے زائد اسکیمیں مکمل ہوں گی، انڈومنٹ فنڈ میں 150 ارب روپے ہیں، صحت و تعلیم ہماری ترجیح ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا نے یہ بھی کہا کہ ضرورت کے مطابق کرائے کی عمارتوں میں تعلیمی ادارے قائم ہوں گے، مراکزِ صحت میں سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔