فلم رئیس سے بالی ووڈ میں انٹری دینے والی پاکستانی سُپر اسٹار ماہرہ خان نے رئیس کے پوسٹر سے اپنی تصویر ہٹائے جانے پر ردعمل دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر ہنسی آئی، یہ بہت چھوٹی حرکت ہے۔
ماہرہ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم لو گرو کی ملکی و غیر ملکی سطح پر ہونے والی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ اس دوران انہوں نے صحافیوں سے بھی گفتگو کی۔
ایک انٹرویو کے دوران صحافی نے سوال پوچھا کہ فلم رئیس کے پوسٹر سے آپ کی تصویر ہٹا دی گئی کیا آپ کو بُرا لگا؟
صحافی کے سوال پر خوبرو اداکارہ ہنس پڑیں اور کہنے لگیں کہ بالکل بھی نہیں، مجھے ایک لمحے کےلیے بھی بُرا نہیں لگا۔ میرے خیال میں یہ بہت چھوٹی اور بیوقوفانہ چیز ہے جو بھارت نے کی ہے۔
بھارت میں کام کرنے سے متعلق سوال پر اداکارہ نے کہا کہ ہمیں اپنی انڈسٹر کو بہتر بنانے ضرورت ہے اور فلمی صنعت کو بہتر بنانے کےلیے ضروری ہے کہ حکومت تعاون کرے، دنیا بھر میں فلم انڈسٹری کےلیے بجٹ مختص کیا جاتا ہے اور اسی طرح فلمیں ترقی کرتی ہیں۔ ہمارے یہاں بھی اس کی ضرورت ہے کہ حکومت اس جانب توجہ دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بحیثیت قوم یہ ضروری ہے کہ اپنے اندر موجود کمی کو پورا کریں خامی کو دور کریں۔