لاہور:
لین دین کے معاملے پر مسلح افراد نے شہری پر تشدد کیا اور اغوا کرنے کی کوشش کی، جس کی ویڈیو سامنے آ گئی۔
پولیس کے مطابق تھانہ نواب ٹاؤن کی حدود میں مسلح افراد کی جانب سے ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے اور اغوا کرنے کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
شہری شکیل اور ملزمان کے درمیان لین دین کا تنازع تھا، جس کے باعث ملزمان نے شکیل کو زدوکوب کیا اور اغوا کر کے اُسے سلطان ٹاؤن میں واقع ایک گھر میں لے گئے۔ اغوا اور تشدد کا واقعہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ریکارڈ ہوا، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان کس طرح شکیل کو زبردستی لے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق اغواء کے دوران ملزمان شکیل سے رقم کا مسلسل تقاضا کرتے رہے اور اُسے جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں دیتے رہے۔
بعد ازاں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہریار، تنویر، عمر، ساجد علی اور احسن رضا کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔