کراچی:
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت پر پاکستان کی مسلح افواج نے بہادری، دلیری اور حکمت عملی کا ایسا مظاہرہ کیا جس سے دشمن پسپا ہوا، میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین نے بیانیہ کی جنگ کلیدی کردار ادا کیا، اب بھارت کے پاس بات کرنے کے لیے کچھ نہیں رہا۔
کراچی میں مسلم لیگ (ن) کی کارکن ثمینہ قاسم کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے مسلح افواج کے سربراہان اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فضائیہ اور بحریہ الرٹ تھیں، بھارت کو جرات نہیں ہوئی کہ وہ ہمارے ساحلوں کا رخ کرے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو تاریخی فتح سے نوازا، بھارت کے جہاز گرے، اس کی ملٹری تنصیبات کو نقصان پہنچا، اب بھارت بیک فٹ پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ، آذربائیجان اور ایران کے دورے کریں گے، ترک صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان کا قابل اعتماد دوست قرار دیا اور کہا کہ رجب طیب اردوان پاکستان کی ہر دلعزیز شخصیت اور پاکستان کے دوست ہیں، پاک-بھارت کشیدگی کے دوران ان کا کردار اہم رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم آذربائیجان اور ایران کا دورہ بھی کریں گے، باکو کی سڑکوں پر پاکستان کی فتح کا جشن منایا گیا، پاکستان کے دوست ممالک نے ہمارے حق و سچ پر مبنی بیانیہ پر ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس بات کرنے کے لیے کچھ نہیں رہا، ہم نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کی بھی پیش کش کی تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو شان دار فتح سے نوازا ہے، مسلح افواج کے سربراہان اور اپنے جوانوں کے مشکور ہیں، میڈیا ہاؤسز اور سوشل میڈیا صارفین نے بیانیہ کی جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا، دنیا نے بھی پاکستانی مؤقف کو تسلیم کیا، پاکستان نے نہ صرف عسکری محاذ بلکہ سفارتی اور اطلاعات کے محاذ پر بھی برتری حاصل کی جبکہ بھارت کا جھوٹا بیانیہ بے نقاب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو اسے منہ کی کھانا پڑی۔