پاکستان اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے چیف کمشنر سرفراز قمر ڈاہا نے کہا کہ پاکستان اسکاؤٹس عالمی اسکاؤٹ تحریک کا ایک فعال اور اہم رکن ہے جس کے ساتھ ایک لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ممبران ہیں۔
سرفراز قمر ڈاہا نے اپنے جاپان کے دورے کے دوران کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی پاکستان اسکاوٹس کی سرگرمیاں جاری رہیں اور اگر جنگ شدت اختیار کرتی تو یہی اسکاؤٹس امدادی سرگرمیوں میں بھی حصّہ لیتے۔
اُنہوں نے بتایا کہ آخری بین الاقوامی اسکاؤٹ جیمبوری 2023ء میں جنوبی کوریا میں منعقد ہوئی جبکہ آئندہ جیمبوری 2027ء میں پولینڈ میں ہوگی۔
سرفراز قمر ڈاہا نے مزید بتایا کہ میں یہاں جاپان اسکاؤٹس کی چیف کمشنر کی دعوت پر آیا ہوں اور ایک اہم تقریب میں شرکت کروں گا۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا تو سرفراز قمر ڈاہا نے ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستان اسکاؤٹس تحریک کو فروغ دینے میں کردار ادا کرے گی۔