خوبرو اداکارہ و ماڈل مہرالنسا اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر نے وزن بڑھنے کی صورت میں ان کو چھوڑنے کی وارننگ دی ہے۔
مہرالنسا اقبال کئی ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کےلیے جانی جاتی ہیں، حال ہی میں زکریا شاہ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، زکریا شاہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔
مہرالنسا نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں اُنہوں نے اپنے شوہر کے وزن سے متعلق ایک دلچسپ اور طنزیہ انداز میں دی گئی ’وارننگ‘ کا انکشاف کیا۔
اداکارہ نے ہنستے ہوئے بتایا کہ میرے شوہر نے کہا ہے کہ جس دن تم نے وزن بڑھایا یا آنٹی لگنے لگیں، میں تمہیں چھوڑ دوں گا، لیکن میں اسے سنجیدہ نہیں لیتی وہ مجھے چھوڑ ہی نہیں سکتے، چاہے میں آنٹی ہی کیوں نہ بن جاؤں، کیونکہ پھر اُنہیں اپنی آدھی جائیداد دینی پڑے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فٹ رہنا میری بھی خواہش ہے اور میرے شوہر کی بھی، وہ خود بہت بڑا فٹنس فریک ہیں، ایک بار میں لاہور بابراعلیٰ کے ساتھ ڈرامہ شوٹ کے لیے جا رہی تھی تو شوہر کا فون آیا، کہنے لگے ڈمبلز گاڑی میں رکھے؟ میں نے کہا ایکسکیوزمی؟ یہاں ملک میں جنگ ہو رہی ہے اور آپ کو ڈمبلز کی فکر ہے۔
مہرالنسا کی یہ باتیں سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں، کچھ لوگ اس مزاحیہ تبصرے کو ہنسی میں اڑا رہے ہیں، جبکہ کچھ نے اسے خواتین پر غیر ضروری دباؤ کی علامت قرار دیا ہے۔