خیبر پختونخوا کے دارالخلافہ پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال کی او پی ڈی اور ایمرجنسی فیس میں اضافہ کر دیا گیا۔
ترجمان خیبر ٹیچنگ اسپتال کے مطابق او پی ڈی اور ایمرجنسی کی پرچی کی فیس 20 روپے سے 50 روپے کر دی گئی ہے۔
داخلہ اور آپریشن تھیٹر فیس 350 روپے سے 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رد و بدل کر کے فیسوں کو دیگر تدریسی اسپتالوں کے برابر لانا تھا جس کی وجہ سے فیس میں اضافہ کیا گیا ہے۔
ترجمان خیبر ٹیچنگ اسپتال نے بتایا ہے کہ فیسوں میں اضافے کا مقصد اسپتال میں سہولتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔
خیبر ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان کے مطابق اسپتال میں صحت کارڈ، زکوٰۃ اور بیت المال کے تحت مریضوں کے مفت علاج کا سلسلہ جاری ہے۔