پاکستانی فلم ’لوو گرو‘ نے تاریخ رقم کر دی، ٹائمز اسکوائر کی اسکرینز کی زینت بننے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی۔
ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی آنے والی رومانوی مزاحیہ فلم لو گرو کا ٹریلر امریکا کے مشہور ٹائمز اسکوائر پر بڑی اسکرین پر پیش کردیا گیا، اور یوں یہ پہلی پاکستانی فلم بن گئی جسے یہ اعزاز حاصل ہوا۔
اس تاریخی موقع پر فلم کے مرکزی ستارے ماہرہ خان اور ہمایوں سعید خود موجود تھے، جنہوں نے مداحوں سے ملاقات کی، سیلفیز بنوائیں اور پُرجوش لمحوں کو کیمرے کی آنکھ میں قید کیا۔
ٹائمز اسکوائر پر جشن کا سماں رہا، فلم کے رنگین، مزاح سے بھرپور اور دل کو چھو جانے والے ٹریلر نے سیکڑوں مداحوں کو متوجہ کیا۔
فلم کی امریکا میں پروموشن کی مہم شروع کی گئی ہے، جس میں ماہرہ اور ہمایوں کی مختلف شہروں میں شرکت اور مداحوں کے ساتھ جُڑے لمحات سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔
فلم کی کہانی ایک ایسے چلبلے نوجوان پر مبنی ہے جو کئی لڑکیوں کے دل جیتنے کے بعد محبت کی اصل تعریف سے آشنا ہوتا ہے اور یہ سب کچھ اُس وقت بدل جاتا ہے جب ماہرہ خان کے والد (جاوید شیخ) اُسے ایک بڑی ذمہ داری سونپتے ہیں۔
فلم میں ماہرہ خان کو ایک بااعتماد، تخلیقی اور باوقار فنکارہ کے روپ میں پیش کیا گیا ہے، جبکہ ہمایوں لندن کی گلیوں میں رومانس کی تلاش میں نظر آتے ہیں۔
فلم اس عید الاضحیٰ پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔