پاکستانی ہدایتکار امین اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ اذان سمیع خان نے زیبا بختیار کا بیٹا ہونے کے باوجود بھی پہلا پروجیکٹ حاصل کرنے کےلیے کئی آڈیشنز دیے۔
امین اقبال نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری کے موضوع پر بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ اذان نے اپنا پہلا پروجیکٹ حاصل کرنے کےلیے بہت جدوجہد کی تھی۔
امین اقبال نے مزید بتایا کہ اذان نے کئی آڈیشنز دیے جب مومنہ درید کو یقین ہوگیا کہ وہ اسے موقع دے سکتی ہیں اور اس پر اپنا پیسہ لگا سکتی ہیں پھر اذان کو منتخب کیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب پروجیکٹ کی شوٹنگ کا آغاز ہوا تو اذان نے پہلے دن سے ہی بہت سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور مجھ سے کہا کہ اگر آپ کو کہیں پر بھی لگے کہ میں کام صحیح نہیں کر رہا ہوں تو آپ مجھے اس پروجیکٹ سے نکال دیجیے گا۔
امین اقبال نے کہا کہ میں اذان کی یہ بات سن کر چونک گیا اور پوچھا کہ آپ ایسا کیوں کہہ رہے ہیں جبکہ ایسے مواقع بہت مشکل سے ملتے ہیں؟ تو جواب میں اذان نے کہا کہ میری اداکاری میری والدہ زیبا بختیار کی نمائندگی کرتی ہے اس لیے اگر میرے اداکاری پر تنقید ہوگی تو انہیں بھی تکلیف ہوگی اور میں نہیں چاہتا کہ ایسا ہو۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اذان اپنے والدین عدنان اور زیبا دونوں سے زیادہ باصلاحیت ہے لیکن اسے اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے اچھی اسکرپٹس نہیں مل رہیں۔