امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آئی فونز کی امریکا میں فروخت پر ایپل کمپنی کو 25 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔
یہ بات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امریکا میں باہر سے درآمد کیے گئے آئی فونز کی امریکا میں فروخت پر ایپل کمپنی کو 25 فیصد ٹیکس دینا ہو گا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ کمپنی کے مالک ٹم کک کو اس بارے میں پہلے ہی آگاہ کر چکا ہوں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امید ہے امریکا میں وہی آئی فونز فروخت ہوں گے جو یہاں بنے اور تیار کیے گئے ہوں ناکہ بھارت یا کسی اور جگہ سے درآمد کیے گئے ہوں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موبائل فون کمپنی ایپل سے بھارت میں آئی فون تیار نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹم کک سے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ ٹیکنالوجی کمپنی اپنی پروڈکٹس بھارت میں تیار کرے۔