کینیڈا کے نومنتخب پاکستانی نژاد رکنِ پارلیمنٹ اور سابق صوبائی اٹارنی جنرل یاسر نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو امن کی بات کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، اس میں کشمیری عوام کو بھی شامل کیا جائے۔
ٹورنٹو میں نمائندہ جنگ، جیو نیوز سے یاسر نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ کینیڈین پارلیمنٹ کے سیشن کے آغاز میں کینیڈا پاکستان پارلیمانی گروپ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی بہتری کے بارے میں غور کرے گا۔
انہوں نے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں ہے، جنگ سے کسی فریق کو فائدہ نہیں ہوتا۔ اس میں بے گناہ لوگ مارے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کینیڈا کا یہی مؤقف ہے کہ دونوں ملک امن کی بات کریں۔ اسی طرح مذاکرات کے ذریعے کشمیر کا مسئلہ بھی حل کیا جا سکتا ہے۔