گزشتہ روز سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ نے پاکستان ہاؤس کے سبزہ زار پر یوم پاکستان کی مناسبت سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔
یاد رہے اس سال 23 مارچ کے موقع پر رمضان المبارک کی وجہ سے یہ سالانہ تقریب نہیں منعقد کی گئی تھی۔
تقریب میں پاکستانیوں کے علاوہ متعدد ممالک کے سفراء پروفیسروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سفارت خانہ پاکستان کے قونصلر جمال ناصر کمرشل قونصلر محمد شفیق ورک اور دیگر عملہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔سفیر پاکستان سید حیدر شاہ اور بیگم حیدر شاہ نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔
سفیر پاکستان سید حیدر شاہ نے خطاب کرتےہوئے پاکستان کی نیدرلینڈز میں پہلی سفیر بیگم رعنا لیاقت علی خاں سے پاکستان اور نیدر لینڈز کے تاریخی ثقافتی تجارتی تعلقات کا ذکرکیا اور کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے باسیوں میں سپورٹس ہاکی کرکٹ میں مماثلت پائی جاتی ہے، دونوں ممالک کے عوام ہاکی اور کرکٹ کے دلدادہ ہیں۔
اس موقع پر سفیر پاکستان حیدر شاہ اور بیگم حیدر شاہ نے پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ مہمانوں کی تواضع پاکستانی لذیذ کھانوں سے کی گئی۔ نظامت کے فرائض سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ کے قونصلر جمال ناصر نے ادا کیے۔