کراچی:
نیو کراچی صنعتی ایریا میں پولیس اور بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو انتہائی مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
زخمی ہونے والے ملزمان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کارروائی نیو کراچی سیکٹر 6-بی کے فیکٹری ایریا کے قریب کی گئی، جہاں مشتبہ موٹر سائیکل لفٹرز کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔
مزید پڑھیں: کراچی، سرجانی ٹاؤن میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ، دو گرفتار، ایک فرار
فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان زخمی ہو گئے جن کی شناخت محمد سجاد عرف سانول اور محمد نادر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار زخمی ملزمان کے قبضے سے ایک چھینی ہوئی موٹر سائیکل اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ دونوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
فرار ہونے والے دو ملزمان کی تلاش جاری ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کئی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے اور ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔