27 C
Lahore
Thursday, May 22, 2025
ہومغزہ لہو لہوبھارتی مظالم سے کشمیری مسلمان دن رات شہید ہو رہے ہیں، گورنر...

بھارتی مظالم سے کشمیری مسلمان دن رات شہید ہو رہے ہیں، گورنر سندھ



اسلام آباد:

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک رہی ہے، دنیا خاموش تماشائی ہے اور بھارتی مظالم سے کشمیری مسلمان دن رات شہید ہو رہے ہیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ 10 مئی 2025 کا دن پاکستانی قوم کے جذبے کا ثبوت بن گیا ہے، ہم نے 65 اور 71 کی جنگیں نہیں دیکھیں لیکن دشمن کی للکار کا جواب ضرور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کے نام پر حاصل کیا گیا، کوئی اسے رات کے اندھیرے میں نہیں جھکا سکتا، بھارت نے معصوم بچوں اور مسجدوں کو نشانہ بنایا، ہم نے بدلے میں کسی کا بچہ یا مندر نشانہ نہیں بنایا  اور یہی ہمارا دین ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ دشمن سن لے، ہم کم وسائل کے باوجود ایمان اور قربانی میں آگے ہیں، ہم نے ہمیشہ صبر کا دامن تھاما، جنگ کا فیصلہ اللہ پر چھوڑا،  وزیراعظم نے سفارتی محاذ پر بھارت کو بے نقاب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حافظ عاصم منیر نے بھارت اور اندرونی سازشوں کے خلاف دو محاذوں پر جنگ لڑی، حافظ قرآن سپہ سالار نے پاکستان کا سر دنیا بھر میں بلند کیا، 10 مئی کے بعد خطے میں طاقت کا توازن پاکستان کے حق میں ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج، نیوی، ایئر فورس نے پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا، دشمن سن لے، پاکستانی شاہین شہادت کو گلے لگاتے ہیں، میدان نہیں چھوڑتے، دوسروں کی جنگوں میں ہمیں ہمیشہ سگریٹ کی طرح استعمال کیا گیا لیکن اب ہم وہ نشہ بنیں گے جو دشمن کو خود تباہ کر دے گا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ بھارتی مظالم سے کشمیری مسلمان دن رات شہید ہو رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک رہی ہے اور دنیا خاموش تماشائی ہے، طاقت نہ ہونے کی وجہ سے کشمیریوں کو انصاف نہیں مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ثابت کر دیا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، آج بھارت کی بالادستی کا خاتمہ ہو چکا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے سے اجتناب کریں، اللہ نے ایک بار پھر ہمیں موقع دیا ہے، قوم اس کو ضائع نہ کریں، آئیں سیاسی استحکام اور معیشت کی بحالی کے لیے متحد ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) سے نجات اور خود انحصاری وقت کی ضرورت ہے، پاکستان کی غربت کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو نکلنا ہوگا۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات