اسلام آباد:
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) انسداد دہشت گردی ونگ اسلام آباد نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر افغان شہریوں اور غیر ملکیوں کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اور سعودی عرب کے ورک ویزوں کے اجرا میں ملوث گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران بین الاقوامی منظم گینگ کے مزید 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ اسلام آباد کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید چھاپے مار کر منظم گینگ کے 3 مزید ارکان کو گرفتار کرلیا ہے اور ان ملزمان کی شناخت محمد عالم زیب، آصف خان اور ہارون الرشید کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ منظم گینگ افغان شہریوں کو جعل سازی سے پاکستانی شناختی کارڈز، مشین ریڈایبل پاسپورٹس اور سعودی عرب کے ورک ویزوں کے اجرا میں ملوث پایا گیا۔
ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے بتایا کہ ملزم عالم زیب نے 31 افغان شہریوں کو پاکستان پاسپورٹ پر سعودی عرب کے ورک ویزہ جاری کیے، ملزم آصف خان 4 افغان شہریوں کو پاکستان پاسپورٹ پر سعودی عرب کے ورک ویزہ جاری کرنے میں ملوث پایا گیا اور ملزم ہارون الرشید نے 58 افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی ورک ویزے جاری کیے۔
یاد رہے اس سے قبل 2 ملزمان محمد اسحاق خان اور سید احسان شاہ کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزم سید احسان شاہ نے 580 افغان شہریوں کو پاکستان پاسپورٹ پر سعودی عرب کے ورک ویزہ جاری کیے تھے۔
اسی طرح گرفتار ملزم محمد اسحاق خان نے 22 افغان شہریوں کو پاکستان پاسپورٹ پر سعودی عرب کے ورک ویزہ جاری کیے۔
مذکورہ ملزمان نے مجموعی طور پر 693 افغان باشندوں کو پاکستانی پاسپورٹس پر ورک ویزے جاری کیے۔
حکام کا کہنا تھا کہ منظم گینگ کے سرکاری اہلکاروں بشمول امیگریشن اینڈ پاسپورٹ آفس اور نادرا آفس کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا جبکہ گینگ میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔