ویسٹ ایشیا کپ کے فائنل میں فلسطین نے دفاعی چیمپئن پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی اور نئے چیمپئن کا تاج سر پر سجالیا۔
ایران کے شہر کرج میں کھیلے گئے ایونٹ میں فائنل میں پاکستان اور فلسطین کا میچ مقررہ 9 اننگز میں 4-4 رنز سے برابر رہنے کے بعد فیصلہ اضافی اننگ میں ہوا۔
ویسٹ ایشیا بیس بال چیمپئن شپ کے فائنل میں فلسطین نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 1 اور تیسری اننگ میں3 رن بناکر 3۔0 کی برتری حاصل کی اور پاکستان پر دبا ڈالا۔
چوتھی اننگز میں پاکستان نے رن بناکر خسارہ کم کیا، پانچویں اننگز کے ٹاپ ہاف میں پاکستان نے ایک اور رن لیا لیکن بوٹم میں فلسطین نے رن بناکر برتری کو مستحکم رکھا۔
آٹھویں اننگز کے اختتام تک فلسطین کو پاکستان پر 4۔2 کی برتری حاصل تھی لیکن نویں اننگز میں پاکستان مقابلہ 4۔4 برابر کرنے میں کامیاب رہا۔
نویں اننگز میں مقابلہ برابر ہونے کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے اضافی اننگ کھیلی گئی، جس میں پاکستان رن نہ بناسکا لیکن فلسطین نے رن مکمل کرکے چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔
اس سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں ایران نے بھارت کو شکست دی۔