کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ ٹین کا پلے آف مرحلہ بدھ سے شروع ہورہا ہے۔ پراعتماددفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کوالی فائر میں سابق چیمپئن اور مستقل مزاجی سے پرفارمنس دینے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ کرے گی۔ یہ میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ اس سے قبل پنڈی میں گروپ میچ میں کوئٹہ نے109رنز اور لاہور میں دو وکٹ سے شکست دی تھی۔ کوئٹہ کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ ان کے دو غیر ملکیوں فن ایلن اور گلبدین نائب نے ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ اسلام آباد نے آخری گروپ میچ میں کراچی کنگز کو 79 رنز سے ہرا کر اعتماد بحال کیا ہے۔ کوئٹہ نے دس میں سے سات میچ جیتے دو ہارے اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ وہ15پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں ٹاپ پر رہی۔ اسلام آباد نے دس میں سے چھ میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ کراچی کنگز نے دس میں سے چھ میچ جیتے چار ہارے اس نے بارہ پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور لاہور قلندرز نےگیارہ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سعود شکیل نے کہا کہ ہم نے کافی اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ لیگ اسٹیج میں ٹاپ پر فنش کرنے کا مطلب یہی ہے ،اب پورا دھیان کوالیفائر پر ہے ۔ خواجہ نافع کو موقع ملا اور انہوں نے اچھا پرفارم کیا، ابھی فائنل الیون پر ڈسکس نہیں کیا کہ کون کس نمبر پر کھیلے گا ۔ حسن نواز کو پک کیا تو ان پر یقین تھا، حسن کو جتنا کریڈٹ دیا جائے کم ہوگا، ہر طرح کے شاٹس کھیلے اور جیت میں رول ادا کیا ۔ حسن نواز اور خواجہ نافع مستقبل میں پاکستان کیلئے کھیل سکتے ہیں۔خیال رہے کہ ایلیمینیٹر 1 لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان جمعرات 22 مئی کو کھیلا جائے گا ۔ فائنل اتوار 25 مئی کو کھیلا جائے گا۔دریں اثنا دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان بیٹنگ میں سرفہرست ہیں۔ انہوں نے 10 میچوں میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 394 رنز بنا کر حنیف محمد کیپ پر قبضہ کیا ہوا ہے ۔ کراچی کنگز کے جیمز ونس 10 میچوں میں 374 رنز ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے بناکر دوسرے، لاہور قلندرز کے فخر زمان چار ففٹیوں کی مدد سے 369 رنز بناکر تیسرے نمبر پر ہیں ۔ بولنگ میں کراچی کنگز کے محمد عباس آفریدی نے 17 وکٹیں حاصل کی ہیں اور فضل محمود کیپ ان کے پاس ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ابرار احمد ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے جیسن ہولڈر اور کراچی کنگز کے حسن علی نے پندرہ پندرہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔