اسلام آباد:
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے رات گئے کارروائی کرتے ہوئے مختلف ریسٹورنٹس پر مضر صحت گوشت کی سپلائی ناکام بنا دی۔
تھانہ سنبھل کی حدود میں کی گئی کارروائی کے دوران 400 کلو گرام ناقص اور بدبودار گوشت برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے رات 1 بجے مخبر کی اطلاع پر چھاپہ مارا اور 10 من سے زائد ناقص گوشت سے بھری گاڑی کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔
ناقص و بدبودار گوشت کی فراہمی پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے بتایا کہ ناقص گوشت کو رات کے اندھیرے میں مختلف ریسٹورنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا۔ ملزم نے انکشاف کیا کہ یہ گوشت شوارما اور دیگر گوشت کی مصنوعات میں استعمال ہونا تھا۔