(ویب ڈیسک) حماس کا کہنا ہے کہ اس کی القسام بریگیڈ کے سربراہ محمد سنوار زندہ ہیں اور غزہ میں اسرائیلی فوج کے خلاف لڑ رہے ہیں، گزشتہ ہفتے سعودی میڈیا میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ محمد سنوار اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں شہید ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے ایک سینئر رکن نے بتایا ہے کہ محمد سنوار حیات ہیں اور غزہ کے محصور علاقے میں اسرائیلی فوج سے برسرپیکار ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ منگل کو اسرائیلی فوج نے ایک ہسپتال پر بمباری کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ اس حملے کے دوران حماس کے مرحوم رہنما یحییٰ سنوار کے بھائی اور القسام بریگیڈ کے سربراہ محمد سنوار کو شہید کردیا گیا ہے۔
حماس کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اسامہ حمدان کے مطابق اسرائیل کا ہسپتال پر بمباری کو جواز فراہم کرنے کے لیے ایک جھوٹا دعویٰ تھا، غزہ میں ہمارے بھائیوں نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ محمد سنوار زندہ ہیں اور دشمن سے مضبوطی سے لڑ رہے ہیں۔’
خیال رہے کہ اسرائیلی دعوے کے بعد سعودی ذرائع ابلاغ العربیہ اور الحدث نے بھی اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ القسام بریگیڈ کے نئے کمانڈر کو نشانہ بنانےکے لیے کی گئی کارروائی کے کئی دنوں کی بے یقینی اور غیریقینی خبروں کے بعد اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ خان یونس میں اسرائیل کے فضائی حملے میں محمد سنوار شہید ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بے مثال دولت،تھائی لینڈ کے بادشاہ کی شاہانہ طرزِ زندگی