(ویب ڈیسک )بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر ناہید رانا، فیلڈنگ کوچ جیمز پیمنٹ اور سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ نیتھن کائلی نے دورہ پاکستان سے دستبرداری اختیار کر لی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے کرکٹ آپریشنز چیئرمین نظم العابدین کے مطابق ناہید رانا کو حالیہ پاک، بھارت سرحدی کشیدگی کے باعث پاکستان سے واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا جو ان کے فیصلے کی وجہ ہو سکتا ہے،ناہید رانا پشاور زلمی کے اسکواڈ کا حصہ تھے جب پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کو واپس بلایا گیا تھا۔
نظم العابدین نے بتایا کہ ریشاد حسین جو پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر رہے تھے اس بار بنگلہ دیشی اسکواڈ کے ساتھ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چند دیگر کھلاڑی بھی ابتدائی طور پر دورے سے ہچکچا رہے تھے لیکن جب انہوں نے دیکھا کہ ٹیم کے بیشتر اراکین پاکستان جا رہے ہیں، تو وہ بھی راضی ہو گئے،نظم العابدین نے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی یقین دہانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ ٹورز کے دوران اعلیٰ درجے کے سیکیورٹی انتظامات کیے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 28، 30 اور 31 مئی 2025 کو کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے جبکہ شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ