(24نیوز) اسلام آباد پولیس پر دبئی پلٹ شہری کے لاکھوں روپے ہڑپ کر نے کا الزام ، شہری نے آئی جی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق دبئی سے دو سال بعد وطن واپس لوٹنے والا نوجوان گھر پہنچنے سے پہلے ہی لٹ گیا، اسلام آباد کے علاقے فیض آباد سے نوجوان کا ہینڈ بیگ ایک چور گاڑی کے ڈیش بورڈ سے اٹھاکر لے گیا، متاثرہ نوجوان کی جانب سے فوری طور پر واقعہ کی اطلاع15 پولیس کو دی گئی، تین گھنٹے بعد تھانہ سبزی منڈی پولیس نے چور کو چھینے گئے بیگ سمیت گرفتار کرلیا لیکن پولیس مبینہ طور پر بیگ میں موجود آٹھ لاکھ روپے مالیتی سونا اور غیر ملکی کرنسی ڈکار گئی اور متاثرہ نوجوان کو دیگر اشیاء دیتے ہوئے ٹکا سا جواب دیا کہ ملزم سے یہی اشیاء ہی برآمد ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ کس کا تھا؟ وزیر اعظم نے بتا دیا۔۔۔
دوسری طرف ملزم بار بار یہی بیان دیتا رہا کہ جو کچھ بیگ میں موجود تھا پولیس کے حوالے کر دیا ہے، متاثرہ نوجوان نے آئی جی اسلام آباد سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ 20 مئی 2025ء کی علی الصبح میں دو سال بعد پاکستان لوٹا اور اسلام ائیر پورٹ سے کزن کے ہمراہ گاڑی پر فیض آباد آیا جہاں سے ہمیں کشمیر جانا تھاکہ گاڑی کے ڈیش بورڈ سے ہینڈ بیگ ایک نامعلوم شخص اٹھاکر لے گیا، جس پر میں نے ریسکیو ون فائیو پولیس کو اطلاع دی۔
واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر آئی اور پوچھ گچھ شروع کر دی، تقریباً تین گھنٹے بعد صبح کے ساڑھے آٹھ بجے مجھے تھانہ سبزی منڈی سے فون آیا کہ مٹھائی لے کر تھانے آئیں۔ ہم نے آپ کا ملزم گرفتار کرلیا ہے اور بیگ سامان سمیت برآمد کرلیا ہے۔ میں تھانہ سبزی منڈی گیا تو قمر عباس نامی پولیس اہلکار نے ملزم سے موبائل فونز، کچھ غیر ملکی کرنسی اور دیگر چھوٹی موٹی چیزوں کی برآمدگی ظاہر کی جبکہ بیگ میں موجود آٹھ لاکھ مالیتی سونا اور ایک ہزار درہم غائب کر دیا گیا تھا۔ جس کے بارے میں پولیس نے مکمل لاعلمی کا اظہار کیا۔
متاثرہ نوجوان کا کہنا تھاکہ جب میں نے پولیس حراست میں موجود ملزم سے پوچھا تو اس کا کہنا تھاکہ جو کچھ بیگ میں موجود تھا وہ سب بیگ سمیت پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ پولیس بضد تھی کہ ملزم سے برآمد ہونے والی جو چیزیں پولیس دے رہی ہیں وہ میں چپ چاپ لے لوں اور معاملہ یہیں ختم کر دوں۔ رات گیارہ بجے تک تھانہ سبزی منڈی میں مجھے بٹھائے رکھا گیا۔
اس دوران ایس ایچ او سے بھی میری ملاقات کروائی گئی ۔انہوں نے بھی سونا اور غیر ملکی کرنسی کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے دیگر اشیاء لینے پر زور دیا۔ جب میں نے مکمل اشیاء ملنے تک کچھ بھی لینے سے انکار کیا تو وہ تلخ کلامی پر اتر آئے اور مجھ سے کہاکہ آپ کے ساتھ واردات تھانہ آئی نائن کی حدود میں پیش آیا ہے۔ اب آپ تھانہ آئی نائن جائیں۔ وہاں ایف آئی آر درج کروائیں اور آئی نائن پولیس سے ہی اپنی چھینی گئی اشیاء کا مطالبہ کریں۔
متاثرہ نوجوان کا کہنا تھاکہ میں صبح سے رات گئے تک تھانے میں خوار ہوتا رہا، پولیس میرا سونا اور غیر ملکی کرنسی ہڑپ کرنا چاہتی ہے ، آئی جی اسلام آباد فوری نوٹس لیکر میری داد رسی کریں۔