امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے والے محمود خلیل کی اہلیہ اور نوزائیدہ بچے نے ان کی جانب سے گریجویشن تقریب کے دوران ڈپلومہ کی سند قبول کی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فلسطینی محمود خلیل کی اہلیہ ڈاکٹر نور عبداللّٰہ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنے نوزائیدہ بچے کے ہمراہ پیپلز یونیورسٹی برائے فلسطین کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ڈپلومہ کی سند وصول کرتے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دین (بیٹے) کی پیدائش کے بعد میں یہ سمجھنے لگی ہوں کہ جدوجہد کیوں ضروری ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ وہ (بیٹا) بڑا ہو کر اپنے والد اور یہاں کے ہر ایک طالب علم کی طرح بہادر بنے گا، جنہوں نے فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے پر اپنی تعلیم اور مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج صرف محمود کو نہیں بلکہ ان تمام طلبہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہیں فلسطینیوں کی حمایت اور ان کے حقوق کے لیے آواز اُٹھانے پر ناحق یونیورسٹی سے نکالا گیا۔
واضح رہے کہ فلسطین کی حمایت میں کیے جانے والے مظاہروں میں شرکت کرنے والے طالب علم محمود خلیل کو مظاہرے کرنے پر 8 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا۔