(ویب ڈیسک ) شام کے مرکزی صوبے حمص سے تعلق رکھنے والے ایک شامی جوڑے نے اپنی خوشی اور شکر گزاری کے اظہار کے طور پر اپنے نومولود بیٹے کا نام “ٹرمپ احمد السطوف” رکھ دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جوڑے نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب یہ خبریں سامنے آئیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے شام پر عائد کچھ پابندیاں نرم کرنے کی تجویز دی ہے،اس اقدام کو جوڑے نے انسانی ہمدردی اور شامی عوام کے لیے مثبت قدم قرار دیا،نومولود کے والد احمد السطوف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹرمپ کے اس فیصلے کو سراہا اور اسی وجہ سے انہوں نے اپنے بیٹے کو “ٹرمپ” کا نام دیا تاکہ وہ ہمیشہ اس فیصلے کو یاد رکھ سکیں۔
احمد السطوف کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ امریکی سیاست سے براہِ راست وابستہ نہیں ہیں لیکن وہ ایسے عالمی رہنماؤں کی قدر کرتے ہیں جو انسانیت کے لیے نرم دلی کا مظاہرہ کرتے ہیں،یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی کافی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں کچھ لوگوں نے اس فیصلے کو حیرت انگیز قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسے ایک انوکھا اور دلیرانہ اندازِ اظہار قرار دیا۔
واضح رہے کہ شام کئی برسوں سے خانہ جنگی اور بین الاقوامی پابندیوں کا شکار ہے اور ایسے کسی بھی اقدام کو جس سے عوام کو ریلیف ملے، مثبت نظروں سے دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِاعظم کی دورۂ پاکستان کی دعوت مصری صدر نے قبول کر لی