حماس سے لڑائی میں ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق 22 سالہ سارجنٹ یوسف یہودا شمالی غزہ میں حماس کے حملے میں ہلاک ہوا ہے۔
برطانیہ کی اسرائیل سے آزادانہ تجارتی معاہدے پر بات چیت معطل
دوسری جانب غزہ میں امداد کی مکمل بندش جاری رکھنے پر برطانیہ نے اسرائیل کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدہ پر بات چیت معطل کر دی۔
مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشدد میں ملوث 7 اسرائیلی آباد کاروں اور تنظیموں پر بھی پابندیاں لگا دیں۔
غزہ میں فوجی آپریشن کی توسیع پر لندن میں اسرائیلی سفیر کو طلب کر لیا۔
برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا ہے کہ 11 ہفتوں سے غزہ میں انسانی امداد کی ناکہ بندی ظالمانہ ہے، اسرائیل امداد کی فوری فراہمی کرے۔
ڈیوڈ لیمی نے اسرائیل فلسطین 2 ریاستی حل کی حمایت کا بھی اعادہ کیا ہے
کینیڈا،فرانس، سوئیڈن کی بھی اسرائیل پر پابندیوں کی دھمکی
ادھر کینیڈا اور فرانس نے بھی اسرائیل پر پابندیوں کی دھمکی دی ہےجبکہ سوئیڈن بھی اسرائیل پر یورپی یونین پابندیاں لگوانے کے لیے سرگرم ہو گیا۔
اقوامِ متحدہ کو 14 ہزار فلسطینی بچوں کی ہلاکت کا خدشہ
اقوامِ متحدہ نے امداد نہ پہنچنے پر 14 ہزار فلسطینی بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکڑوں امدادی ٹرک غزہ کی سرحد پر داخلے کے منتظر ہیں۔
اسرائیلی بمباری، صبح سے ابتک 80 فلسطینی شہید
اسرائیلی فوج کی غزہ پر بم باری آج بھی جاری رہی، صبح سے اب تک مزید 80 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو گئے۔