(ویب ڈیسک) غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 136 فلسطینی شہید ہوگئے، ایک ماہ کے دوران شہادتوں کی تعداد 3 ہزار 340 تک پہنچ گئی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق تازہ ترین وحشیانہ کارروائیوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 136 فلسطینی شہید اور 364 زخمی ہوگئے،رپورٹ کے مطابق 18 مارچ سے جاری اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار 340 شہادتیں ہوچکی ہیں جبکہ سات اکتوبر 2023ء سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 53 ہزار 486 ہوچکی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 19 ماہ سے جاری حملوں میں ایک لاکھ 51 ہزار 398 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں،رپورٹ کے مطابق شہداء اور زخمیوں میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔
واضح رہے کہ تباہ حال غزہ کے شہری انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہیں، جہاں انہیں پانی اور کھانے کی اشیاء بھی دستیاب نہیں، اسرائیل نے انتہائی کم مقدار میں کھانے پینے کی اشیاء غزہ جانے کی اجازت دی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کے انتہاء پسند وزیر خزانہ بتسلئیل سموتریچ نے پیر کے روز ایک متنازعہ بیان میں کہا ہے کہ غزہ کو صرف کم سے کم خوراک اور دوا فراہم کی جائے گی اور یہ بھی اس شرط کے ساتھ کہ حماس تک ان میں سے کچھ نہیں پہنچے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ ڈیڑھ سال سے غزہ کو مکمل طور پر تباہ کر رہے ہیں اور اُسے ملبے کا ڈھیر بنا دیں گے، فوج ایک پتھر بھی اپنی جگہ پر نہیں چھوڑے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا 28 مئی کو عام تعطیل کا اعلان