کراچی (عبدالماجد بھٹی) بھارت کے خلاف جنگ جیتنے کی خوشی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نےاتوار کو پنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کا29 ویں میچ پاک فضائیہ کے شاہینوں سے منسوب کیا۔ میچ کے وقفے میں سادہ تقریب میں بھارت کے خلاف جنگ میں فضائیہ کے جوانوں کے شاندار کارکردگی پر ہزاروں تماشائیوں نے خراج تحسین پیش کیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ان کے ساتھ پی سی بی کے چیئرمین اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ ایئر چیف ظہیر بابر بھی نعرہ تکبیر میں ہم آواز ہوگئے۔ شجاع حیدر اور ساحر علی بگا نے اپنی پرفارمنس سے تماشائیوں کو محضوظ کیا۔ ایک بار پھر ملی جذبے کا زبردست مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ اسٹیڈیم نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے پنڈی اسٹیڈیم کی فضاؤں میں روشنیوں کا سیلاب آگیا۔