اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع کیچ اور آواران میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ کے تین دہشت گردوں کو ہلاک اور دو کو زخمی کرکے گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بھارتی ایجنڈے کے خلاف بروقت کارروائی کی پذیرائی کی ہے اور کہا ہے کہ بلوچستان میں معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو دہشت گردی کے ذریعے خطرے میں ڈالنے کی بھارتی سازش بے نقاب ہوچکی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم بھارت کے پاکستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔