کراچی (نیوز ڈیسک ) سعودی عرب نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی کوشش کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ عرب لیگ کے بغداد میں ہونے والے اہم اجلاس کے دوران سعودی عرب کے وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ عادل الجبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ہونے والے جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی توہین ہیں۔ عرب لیگ نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں منعقدہ 34ویں عرب سربراہ کانفرنس کے اختتام پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں فلسطین کو ایک بار پھر عرب دنیا کا مرکزی مسئلہ قرار دیتے ہوئے اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ جنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے جبری بے دخلی کی کوششوں کو بھی سختی سے مسترد کر دیا۔