(ویب ڈیسک)یو اے ای کی ریاست راس الخیمہ میں معمولی ٹریفک تنازع پر فائرنگ سے 3 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
متحدہ عرب امارات کی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی سے 120 کلومیٹر دور واقع ریاست راس الخیمہ میں معمولی ٹریفک تنازع جان لیوا ثابت ہوا۔ جھگڑا راس الخیمہ کے رہائشی علاقے میں اُس وقت شروع ہوا جب گاڑی کے راستے سے متعلق معمولی تلخ کلامی ہوئی، اچانک ملزم نے پستول نکالا اور 3 خواتین پر فائرنگ کر دی۔مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ زخمی خواتین کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
امارات میں اسلحے کے حوالے سے ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی نافذ ہے۔ صرف اماراتی شہری مخصوص شرائط کے تحت اسلحہ رکھنے کا لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے یا اس کے استعمال پر بھاری جرمانے اور قید کی سزائیں ہیں۔اس سے قبل بھی 2005 میں ایک اماراتی شخص نے ٹریفک جھگڑے کے بعد دوسرے شہری کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا جسے عدالت نے اسے سزائے موت سنائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کیخلاف پورا آپریشن نواز شریف کی زیر نگرانی ڈیزائن ہوا: عظمیٰ بخاری