(24نیوز)پاکستان ہاؤس لندن میں یوم تشکر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا،پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے قومی پرچم بلند کیا۔
ترجمان پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے مطابق پاکستانی کمیونٹی، کشمیریوں، پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے حکام اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے شرکا سے خطاب کیا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پوری پاکستانی قوم کو اس تاریخی لمحے پر فخر ہے، قوم نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ کوئی طاقت، کوئی جارحیت اور کوئی اشتعال ہماری خودمختاری اور غیر متزلزل قومی عزم کی بنیادوں کو کمزور نہیں کر سکتا۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بے مثال ہمت اور اعلیٰ لگن کے ساتھ افواج پاکستان نے سبز ہلالی پرچم کے وقار اور عزت کو برقرار رکھا، پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے،پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کے لیے ان کی جدوجہد میں ساتھ کھڑی ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں پرامن بقائے باہمی کا خواہاں رہا ہے، مگر پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
نماز جمعہ کے بعد افواج پاکستان اور پاکستان کی بقا اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعابھی کی گئی۔