“پاکستان پر بھارتی حملے میں رافیل کی تباہی مغرب کے لیے ایک سبق” کے عنوان سے جرمن اخبار نے آرٹیکل لکھا ہے۔
جرمن اخبار نے آرٹیکل میں لکھا ہے کہ چینی کمپنی چینگ ڈو کے “مائٹی ڈریگون” جے 10 سی ملٹی رول لڑاکا طیارے کے ہاتھوں فرینچ طیارہ رافیل کے گرائے جانے سے بھارت کا آپریشن سندور ایک تباہی میں بدل گیا۔
بھارتی پائلٹس کو پاکستانی پائلٹوں کی طرف سے شدید مزاحمت ملی۔ تیکنیکی برتری کے زعم میں مبتلا بھارت پاکستان کی فضائی دفاعی صلاحیتوں اور جے 10 سی اور پی ایل میزائل کی صلاحیتوں کا اندازہ لگانے میں بری طرح ناکام رہا۔
پاکستان بھارتی حملے کے خلاف بھرپور حکمت عملی بنا کر بیٹھا تھا۔ کچھ بھارتی طیاروں نے پاکستان کا دفاعی حصار توڑا مگر پھر انہیں پاکستان کے پائلٹوں سے شدید لڑائی کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کو پاکستان اور چین کی انٹیلی جنس شیئرنگ کا بھی کوئی اندازہ نہیں تھا۔
انڈین ایئر فورس نے رافیل کو فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا جواب دینے اور کروز میزائل سے زمین پر حملوں کے ٹاسک دیے تھے۔ یہ “آپریشنل غلطی” بھارت کو مہنگی پڑگئی۔
اخبار نے لکھا کہ رافیل کا گرنا یورپ کے لیے بھی وارننگ ہے۔ روس تیزی سے چینی ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے اور یورپ کو سوچنا ہوگا کہ کیا ان کا دفاعی نظام روس اور چینی فضائی دفاع کے مقابلے میں کارگر ثابت ہوگا؟