ٹریفک پولیس کی جانب سے وزیرِاعلیٰ سندھ کو 9 تا 16 مئی 2025ء تک کی کارروائیوں کی رپورٹ پیش کردی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قانون کا احترام کریں اور اپنی اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ بنائیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیونگ کے دوران حفاظتی اصولوں کی مکمل پابندی کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہیوی ٹریفک کےلیے رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، اسپیڈ کی حد پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بغیر فٹنس اور رجسٹریشن کے گاڑیاں سڑکوں پر لانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
انہوں نے آئی جی سندھ کو ہدایات دیں کہ قانون شکنی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے۔
ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس کی 9 تا 16 مئی 2025ء تک کی کارروائیوں کی رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیلمٹ نہ ہونے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 43 ہزار 852 موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں۔
شہر میں فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں والی 3951 گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئی جبکہ قانون کی خلاف ورزی پر 685 ہیوی اور لائٹ گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔
اسی طرح 11 سڑکوں پر موٹرسائیکل رکشہ چلانے، غلط ڈرائیونگ اور تیز رفتاری پر 194 مقدمات درج ہوئے، اس کے علاوہ بغیر رجسٹریشن کے 25 موٹر سائیکل رکشہ کو ضبط کیا گیا جبکہ خلاف ورزی کرنے پر 434 موٹرسائیکل رکشہ کو تحویل میں لیا گیا ہے۔
کراچی میں 11 ماڈل سڑکوں پر موٹر سائیکل رکشہ چلانے پر پابندی عائد ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے سفارش کی گئی ہے کہ فٹنس نہ ہونے پر بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کی رجسٹریشن عارضی منسوخ کی جائے۔