وزیراعظم شہباز شریف کی جاتی امرا میں صدر مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی، ملکی سلامتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور نواز شریف کی ملاقات میں قومی یکجہتی کو قائم رکھنے کےلیے سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
اس سے قبل نواز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی سے بھی ملاقات کی اس دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور عزم سے وطن کا دفاع کیا ہے، اللّٰہ کا شکر جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کرکے پاک بھارت جنگ میں مثبت اور توانا کردار ادا کیا ہے، قومی سلامتی کے لیے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر یک زبان ہونا خوش آئند اقدام ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا، پاکستانی میڈیا نے سچ پر مبنی بیانیہ کو دنیا کے سامنے رکھ کر دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔