36.7 C
Lahore
Saturday, May 17, 2025
ہومکھیلوں کی خبریںسپر لیگ دوبارہ شروع، گولوں کی گھن گرج کے بعد آج سے...

سپر لیگ دوبارہ شروع، گولوں کی گھن گرج کے بعد آج سے چوکوں، چھکوں کی برسات


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک بھارت جنگ کے باعث معطل ہونے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ٹائٹل جنگ 9 روز کے وقفے کے بعد ہفتے سے شروع ہوگی۔گولوں اور جنگی جہازوں کی گھن گرج تھمنے کےبعد اب چوکوں، چھکوں کی برسات ہونے کو ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بابر اعظم کی پشاور زلمی کا مقابلہ ڈیوڈ وارنر کی کراچی کنگز سے ہوگا۔ پچھلے سال کی رنرز اپ ملتان سلطانز پلے آف سے باہر ہوگئی ہے۔ باقی پانچ ٹیمیں پلے آف کیلئے میدان میں ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز بالترتیب 13 اور 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کو لازمی میچ جیتنے ہیں۔ اتوار 18 مئی کو ڈبل ہیڈر میں ملتان سلطانز کا مقابلہ گلیڈی ایٹرز سے اور پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا۔ شاداب خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ 19 مئی کو لیگ کے آخری میچ میں کراچی کنگز سے مقابلہ کرے گی۔ کوالیفائر، ایلیمینیٹر 1 اور 2 اور فائنل 21 سے 25 مئی تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 26 میچوں کے بعد محمد رضوان (363) حنیف محمد کیپ) ،صاحبزادہ فرحان (321) اور فخر زمان (309) ٹاپ تھری رنز بنانے والے بیٹرز ہیں بولنگ میں محمد عباس آفریدی اور جیسن ہولڈر آٹھ میچوں میں پندرہ ،پندرہ وکٹوں کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی (فضل محمود کیپ) ہیں ۔ ابرار احمد اور حسن علی مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 14 ۔ 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وکٹ کیپنگ میں پشاور زلمی کے محمد حارث نے سب سے زیادہ 10 کیچز اور اسٹمپڈ کیے ہیں ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے رائلے روسو نے سب سے زیادہ 11 کیچ کیے ہیں۔ وہ شائقین جنہوں نے 8 ، 9 ، 10 مئی کے میچز کے ٹکٹ خریدے تھے اب وہی ٹکٹیں بالترتیب 17، 18 اور 19 مئی کے میچز کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 18 مئی کو ڈبل ہیڈر ڈ ہونے کی وجہ سے پہلے جاری کردہ 9 مئی کا ٹکٹ دونوں میچوں میں استعمال ہوسکے گا ، دوپہر کا میچ 3.30 بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرا میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی افریقا کے رائیلی روسو اور نیوزی لینڈکے فن ایلن نے بقیہ میچز کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دستیابی ظاہر کر دی ہے۔ گلیڈی ایٹرز نے سری لنکا کے دنیش چندی مل اور ا وشکا فرنینڈو کو بھی سائن کرلیا جبکہ افغانستان کے گلبدین نائب بھی گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہوں گے۔ ایلکس ہیلز ، رسی ون ڈر ڈوسن ، بین ڈوارشیئس، ٹیمال ملز اور جمی نیشم اسلام آباد یونائٹیڈ کو دستیاب ہوں گے۔ ڈیوڈ وارنر، محمد نبی اور جیمز وینس کراچی کنگز کو جوائن کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ کنگز نے اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑی جیورج منسے کو بھی اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز 17 سے 25 مئی تک ہوں گے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات