صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ رہے گی کہ چند گھنٹوں میں مسلح افواج نے دشمن کو پسپا کیا، وطن کے سپوت، قوم کے پائیدار جذبے سے سرشار ہو کر سیسہ پلائی دیوار بنے، شہداء کی قربانیاں ایک مقدس امانت اور قومی فخر کا باعث ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے گوجرانولا چھاؤنی کا دورہ کیا، صدر مملکت کی آمد پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت نے “معرکۂ حق” کی کامیاب تکمیل میں پاک افواج کی مثالی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے پاکستان کی طاقت، ثابت قدمی، قومی یک جہتی کا دو ٹوک پیغام دیا۔
صدر مملکت نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کے بلند حوصلے کو سراہا اور آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیاب تکمیل پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دی۔