نیوزی لینڈ کے پارلیمنٹ میں ہاکا احتجاج کرنے والے ماوری ارکانِ پارلیمان کو غیر معمولی سزا کی سفارش کی گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کی پارلیمانی کمیٹی نے ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے 3 ماوری (مقامی باشندہ) ارکانِ پارلیمان کو معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔
ان اراکین نے گزشتہ سال ایک متنازع بل کی منظوری کے دوران روایتی ہاکا احتجاج کیا تھا۔
پارلیمنٹ کی پرولیج کمیٹی نے سفارش کی کہ ڈیبی نگاروا پیکر اور راویری وائیٹیٹی کو 21 دن کےلیے معطل کیا جائے جبکہ ان کی ساتھی ہانا راوتی مائیپی کلارک کو 7 دن کےلیے معطل کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ ہاکا اور گیت پارلیمنٹ میں غیر معمولی بات نہیں، لیکن ان کی ادائیگی کےلیے اسپیکر کی پیشگی اجازت ضروری ہوتی ہے سوائے اس وقت کے جب یہ کسی تقریر کے دوران ہو۔
واضح رہے کہ یہ مظاہرہ اُس وقت کیا گیا جب ایک متنازع بل پر ووٹنگ ہو رہی تھی، جو 184 سالہ پرانے معاہدے (Treaty of Waitangi) کی نئی تشریح پیش کرتا تھا۔
اس بل کو نوآبادیاتی ذہنیت کا حامل قرار دیتے ہوئے ماوری ارکان نے پارلیمان میں کھڑے ہو کر ہاکا احتجاج کیا۔
ہاکا ماوری قوم کا روایتی رقص ہے جو اظہارِ جذبات، مزاحمت اور یکجہتی کی علامت کے طور پر استعمال ہوتا ہے، ماوری ارکان کا مؤقف تھا کہ انہوں نے ہاکا ایک ایسے بل کے خلاف کیا جو ان کی ثقافت اور حقوق کے خلاف تھا۔