(24نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کردیا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے مگر اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں، حالیہ کشیدگی میں پاکستان کے بیانیے کو بڑی کامیابیاں ملی، پاکستان اور بھارت کے درمیان سیزفائر کی خلاف ورزی پورے خطے کے لیے خطرناک ہوگی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کردیا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے مگر اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں، حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کو بڑی کامیابیاں ملی ہیں، ہمیں بات چیت کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا حل نکالنا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیزفائر کی خلاف ورزی پورے خطے کے لیے خطرناک ہوگی، ہم چاہتے ہیں سیزفائر قائم رہے اور امن کی بنیاد بنے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کا بڑا امتحان ہے، یقین ہے مذاکرات میں سندھ طاس معاہدے پر بات ہوگی، پاکستان نے بھارت کے 6 جہاز گرائے، پاکستان نے رافیل گرا کر تاریخ رقم کردی ہے، اسرائیل غزہ میں مسلسل بربریت کررہا ہے۔
دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے کینالز کے معاملے پرمختلف فورمز پر آواز اٹھائی، کینالز کے فیصلے کے بعد ہمارے لیے حکومت کے ساتھ چلنا مشکل تھا، ہم سب کا بیٹھنا سیاسی نظام کی کامیابی ہے، جس فیصلے میں سب کی مشاورت ہو وہ فیصلہ لمبےعرصہ چلتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں 1991 کے پانی کی تقسیم کے معاہدے پر عمل ہو، این ایف سی ایوارڈ قانون کے مطابق ہونا چاہیئے، این ایف سی ایوارڈ میں سالانہ اضافہ بھی ہونا چاہیئے، پیپلزپارٹی ہمیشہ سے مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہم سب کو مل کر قوم کے مسائل حل کرنا چاہئیں، ہم سیاست میں بات چیت کے حامی رہے ہیں، وزیراعظم اپنے خطاب میں پی ٹی آئی کو دعوت دے چکے ہیں۔
مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے، چاہتے ہیں کہ غربت کی شرح میں بھی کمی ہو، پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہیئے۔